
جاوید میانداد نے میری شادی برباد کر دی تھی، عامر خان
ممبئی: مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان لیجنڈری بیٹر جاوید میانداد نے ان کی شادی برباد کر دی تھی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ1986 میں انہوں نے 21 سال کی عمر میں گھر والوں کو بتائے بغیر رینا دتا سے کورٹ میرج کی۔ہم نے فیصلہ کیا کہ یہ شادی صرف کاغذی ہوگی اور اس بارے میں ہم کسی کو نہیں بتائیں گے اور کچھ سالوں بعد اصل میں شادی کریں گے۔
انہوں نے تفصیل بتائی کہ رینا اور میں نے چھپ کر شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور 15 مارچ 1986 کو میں نے شادی کا لیگل نوٹس دیا جو 15 یا 16 اپریل کو میچور ہوا، پھر شاید ہفتہ اتوار آگیا اس لیے 18 اپریل کو ہماری شادی ہوئی۔
عامر خان نے کہا کہ مجھے یاد ہے، یہ وہی دن تھا جب شارجہ میں پاکستانی کرکٹر جاوید میانداد نے بھارت کے خلاف آخری گیند پر چھکا مارا تھا۔بالکل اسی دن، ہماری شادی ہوئی۔
بتایا کہ ہوا یوں کہ کورٹ میرج کے بعد میں اور رینا اپنے، اپنے گھر چلے گئے، ہم دونوں پریشان تھے کہ گھر والے پوچھیں گے کہاں گئے تھے اور ہم کیا جواب دیں گے، لیکن کسی نے کچھ نہیں پوچھاکیوں کہ دونوں کے گھر والے پاک بھارت میچ دیکھنے میں لگے ہوئے تھے۔
عامر خان نے بتایا کہ شادی کرنے کے بعد میں گھر آیا، کسی نے دھیان بھی نہیں دیا کہ میں آیا ہوں، میں بھی جا کر میچ دیکھنے بیٹھ گیا، اور ویسے بھی ہم وہ میچ جیت رہے تھے، تو مجھے بڑی خوشی ہو رہی تھی، شادی کا دن ہے اور ہم میچ بھی جیت رہے ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہنے لگے کہ میں نے سوچا کہ آج ہم پاکستان کو بھی ہرا دیں تو مزا آ جائے گا۔میں بہت پرجوش تھا، تالیاں بجا رہا تھا، لیکن پھر میچ کی آخری گیند پر پتہ نہیں کہاں سے جاوید میانداد نے چھکا مار دیا، ہم میچ ہار گئے اور پھر میں کافی افسردہ ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ سالوں بعد میری جاوید میانداد سے ایک فلائٹ میں ملاقات ہوئی، میں نے ان سے کہا کہ جاوید بھائی، آپ نے ٹھیک نہیں کیا! آپ نے میری شادی برباد کر دی۔
عامر خان نے بتایا کہ جاوید یہ سن کر کہنے لگے کہ شادی کیسے خراب کی؟ تو میں نے کہا ‘سر، اسی دن آپ نے چھکا مارا، میں ڈپریشن میں چلا گیا تھا’۔
Average Rating