
امریکی شہری کی قسمت جاگ اٹھی؛ 500 ارب کی تاریخی لاٹری جیت لی
واشنگٹن: امریکا میں کرسمس کی رات پاوربال لاٹری نے تاریخ رقم کر دی، جہاں ایک خوش نصیب شخص نے 1.8 ارب ڈالر، یعنی پاکستانی کرنسی میں تقریباً 500 ارب روپے کا جیک پاٹ جیت لیا۔
پاوربال حکام کے مطابق یہ تاریخی ٹکٹ امریکی ریاست آرکنساس میں فروخت ہوا۔
پاوربال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیتنے والے ٹکٹ نے تمام چھ نمبرز درست طور پر ملائے، جن میں 4، 25، 31، 52 اور 59 شامل تھے، جبکہ ریڈ پاوربال نمبر 19 اور 2x پاور پلے ملٹی پلائر بھی ٹکٹ کا حصہ تھا۔ آخری فروخت کے بعد جیک پاٹ کی مجموعی مالیت 1.817 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق یہ امریکی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا پاوربال جیک پاٹ ہے، جبکہ رواں سال پاوربال لاٹری کا سب سے بڑا انعام بھی یہی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل اس سے بڑا جیک پاٹ صرف ایک مرتبہ ریکارڈ پر آیا تھا۔
پاوربال انتظامیہ نے مزید بتایا کہ یہ صرف دوسری مرتبہ ہے کہ آرکنساس میں فروخت ہونے والا ٹکٹ پاوربال جیک پاٹ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس سے قبل 2010 میں بھی اسی ریاست کے ایک ٹکٹ نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
حکام کے مطابق جیتنے والے شخص کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ انعام کی وصولی سے متعلق قانونی اور مالی کارروائی آئندہ دنوں میں مکمل کی جائے گی۔

Average Rating