
ایشیا کپ فائنل: پاکستان کیخلاف میچ سے قبل بھارتی کوچ کا 2 اہم کھلاڑیوں کی فٹنس پر خدشات کا اظہار
دبئی: ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت ٹیمیں اتوار کے روز تیسری بار مدمقابل ہوں گی لیکن ایشیا کپ کے ٹائٹل کی جنگ کے معرکے سے پہلے بھارتی ٹیم کے بولنگ کوچ نے دو اہم کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بولنگ کوچ مورنے پاکستان اور بھارت کے مابین بڑے اور فیصلہ کُن مقابلے سے قبل بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور بلے باز ابھیشیک شرما کی کی فٹنس پر خدشات ظاہر کیے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف پہلا اوور کرنے کے بعد ہیمسٹرنگ کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے جبکہ ابھیشیک شرما 9ویں اوور میں اپنی دائیں ران پکڑے دکھائی دیے اور ہیمسٹرنگ کا شکار ہو کر واک آؤٹ کر گئے اور سری لنکا کی اننگز کے آخری 10 اوورز میں میدان سے باہر رہے۔
گزشتہ روز میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی بولنگ کوچ مورنے مورکل نے دونوں کھلاڑیوں کی فٹنس پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کی انجری کاجائزہ لیا جائے گا اور دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف کھلانے یا نہ کھلانے کا فیصلہ ان کی فٹنس سے مشروط ہو گا۔
اس کے علاوہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے مورنے مورکل کا کہنا تھا شاہین آفریدی ایک جارح مزاج بولر ہیں لیکن بھارت کے بیٹسمین، خصوصاً اوپنر ابھیشیک شرما ان کے خلاف بھرپور انداز میں کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی اور ابھیشیک شرما دونوں ہی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہیں اور یہی چیز کھیل کو سنسنی خیز بناتی ہے، ہم سب شائقین اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے بیتاب ہیں۔
Average Rating