
پاکستان ہاکی ٹیم کی 2 درجے ترقی، 15ویں سے 13ویں پوزیشن پر آگئی
اسلام آباد: پاکستانی ٹیم عالمی رینگنگ میں 2 درجہ ترقی کرکے 15 ویں سے 13 ویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کی نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی، جس میں پاکستان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ٹیم نے یہی تسلسل برقرار رکھا تو آنے والے دنوں میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔
پاکستان ہاکی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری ایف آئی ایچ ایٹ نیشنز کپ میں جاپان کے خلاف کامیابی حاصل کرنے سے ہوئی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان میں قومی کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے منظر عام پر لانے کے لئے فیڈریشن کوشاں ہے۔
اس سال ٹیلنٹ کو منظر عام پر لانے کے لئے ایونٹس کئے جائیں گے، جس سے ہاکی سے وابستہ کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا بھرپور موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ ہاکی کی عالمی رینکنگ میں ہالینڈ پہلی پوزیشن پر ہے، جرمنی کی دوسری جب کہ بلجیم کی ٹیم تیسری پوزیشن پر ہے۔
Average Rating