
پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کا انفرا اسٹرکچر تباہ کر دیا، عطا تارڑ
اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا کا انفرا اسٹرکچر تباہ کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومتیں لوگوں کو ریلیف فراہم کرتی ہیں۔ پرویز الہٰی ہمارے سیاسی مخالف ہیں لیکن ان کے اچھے کاموں کی تعریف کریں گے۔ انہوں نے پنجاب میں ریسکیو 1122 سروس کا آغاز کیا۔ اور جب ہماری حکومت آئی تو دیگر صوبوں میں بھی ریسکیو 1122 کی ٹریننگ کی گئی۔ ریسکیو 1122 پرویز الہٰی نے شروع کیا اور شہباز شریف نے اس کو پورے ملک میں پھیلایا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سوات میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جس پر پوری قوم دکھی ہے۔ صوبائی حکومت نے ڈی سی سوات کو معطل کیا ہے۔ لیکن معطل تو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو کرنا چاہیئے تھا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کہتے ہیں خیمے دینا میرا کام نہیں۔ جبکہ انہوں نے اڈیالہ میں کیمپ آفس قائم کیا ہوا ہے۔ کیا خیبر پختونخوا کےعوام نے آپ کو مینڈیٹ اس بات کا دیا تھا کہ آپ ورک فرام اڈیالہ کریں۔ جبکہ عوام نے آپ کو مینڈیٹ عوامی خدمت کا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 12 سال میں پی ٹی آئی کی حکومت نے خیبر پختونخوا کے انفرااسٹرکچر کو تباہ کر دیا۔ دریا کے جذیرے نما پتھر سے لوگوں کو ریسکیو نہیں کیا جاسکا۔ اور بہت سارے گھنٹے گزرنے کے بعد ریسکیو کرنے کی کوشش کی گئی۔ جبکہ سیاح اپنے بچوں سمیت چیخ وپکار کرتے رہے لیکن ان کی مدد کو کوئی نہ آسکا۔ 12 سال کی حکومت میں کوئی ریسکیو کا نظام نہیں تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ سیاحوں کی نہیں بلکہ تحریک انصاف کے نظام کی موت ہوئی ہے۔ سیاح اپنی زندگی کے لیے دہائیاں دیتے رہے لیکن کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی کوئی نہیں آیا۔ خیبر پختونخوا حکومت نااہل ترین حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی جیب سے پی ڈی ایم اے کے لیے کروڑوں روپے فنڈز رکھے جاتے ہیں۔ جبکہ خیمے دینا اور لوگوں کو ریسکیو کرنا آپ کا کام نہیں تو لوگوں سے ٹیکس مت لیں۔ وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو کسی بھی ایسی صورتحال میں مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ علی امین گنڈاپور اور خیبر پختونخوا کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
Average Rating