
سوشل میڈیا پر جوئے کی تشہیر کا معاملہ: نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے مزید 2 یوٹیوبرز کو طلب کرلیا
اسلام آباد: آن لائن جوا، بیٹنگ ایپ کےفروغ کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر اور انفلوئنسرز کو نوٹس جاری کر دیے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے سوشل میڈیا پر آن لائن جوئے کی غیر قانونی ایپلیکیشنز کی تشہیر کے معاملے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ایجنسی نے دو مزید معروف یوٹیوبرز، انس علی اور ندیم مبارک کو 9 ستمبر کو اپنے گلبرگ دفتر میں طلب کر لیا ہے۔
ایجنسی کے ترجمان کے مطابق دونوں افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر قانونی جوئے کی ایپس کو فروغ دیا اور عوام کو ان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ان ایپلیکیشنز کے ذریعے معصوم شہریوں کو مالی طور پر نقصان پہنچایا گیا اور انہیں لوٹا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو بھی اسی نوعیت کے الزامات پر لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان پر جوئے کی ایپس کی تشہیر اور عوام کو گمراہ کرنے کا الزام ہے، اور وہ اس وقت سائبر کرائم ایجنسی کی تحویل میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق یہ کارروائیاں غیر قانونی آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارمز کے خلاف جاری وسیع تر مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد سادہ لوح شہریوں کو ان مجرمانہ سرگرمیوں سے بچانا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پیشرفت یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کو گزشتہ ماہ لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد سامنے آئی ہے، جب این سی سی آئی اے نے آن لائن جوئے اور سٹے بازی کی درخواستوں کو فروغ دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔
Average Rating