
مشعال حسین ملک کا معروف کشمیری رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کو شاندار خراجِ عقیدت
اسلام آباد: مشعال حسین ملک، چئیرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن، وزیرِ اعظم کی سابق معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق اور خواتین بااختیاری اور کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ نے معروف کشمیری دانشور اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ “پروفیسر بٹ ایک عظیم الضمیر شخصیت، غیر معمولی بصیرت رکھنے والے عالم اور جموں و کشمیر کے تنازعے کے پرامن اور منصفانہ حل کے مخلص داعی تھے۔” انہوں نے کہا کہ پروفیسر بٹ کا پرامن جدوجہد اور مذاکرات پر یقین نسل در نسل کشمیری عوام کے لیے روشنی کا مینار رہا ہے۔
انہوں نے کہا: “پروفیسر بٹ کی زندگی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ اصل قیادت حکمت، صبر اور اخلاقی جرات پر مبنی ہوتی ہے۔ ظلم و جبر اور ذاتی قربانی کے باوجود انہوں نے امن اور انصاف کے اصولوں کو تھامے رکھا۔ ان کا وژن ایک پرامن تصفیہ (Peace Settlement) کے لیے آج بھی یاسین ملک اور ان سب کو تحریک دیتا ہے جو کشمیری عوام کے دکھ درد کا خاتمہ چاہتے ہیں۔”
مشعال حسین ملک نے پروفیسر بٹ کے اہلِ خانہ، رفقاء اور چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر بٹ کی خدمات کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد آزادی کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔
پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن نے عالمی اور علاقائی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ پروفیسر بٹ کی میراث کا احترام کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے پرامن اور جامع حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔
Average Rating