
پاک بھارت فائنل میچ ، اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے والے تماشائیوں کو بڑی آفر کر دی گئی
دبئی: پاک بھارت فائنل میچ اتوار کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں پہلی بار فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں، شائقین کرکٹ بڑے مقابلے کا بڑی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
پاک بھارت فائنل میچ کے ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے، ہائی اسٹینڈ کے ٹکٹ 350 درہم میں دستیاب ہیں، ہاسپیٹیلٹی پاسز کی قیمت کا آغاز 1500 درہم سے ہو رہا ہے۔
خلیج ٹائم کی رپورٹ کے مطابق منتظمین کی جانب سے تماشائیوں کے لئے ایک پروموشن اسکیم کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس کے مطابق دو ٹکٹ خریدنے پر ایک پریمیم مفت دیا جائے گا۔
اس طرح تین پریمیم ٹکٹ دو کی قیمت میں دیے جا رہے ہیں، موجودہ ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں تیسری بار آمنے سامنے ہوں گی، دنیا بھر میں پاکستان اور انڈیا کے مقابلہ دیکھنے کے لئے شائقین منتظر رہتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کی وجہ سے بھارتی کھلاڑیوں نے مصافحہ کرنے سے انکار کیا تھا، پہلے دونوں میچ بھارت کے نام رہے تھے۔
پہلے میچ میں بھارت با آسانی جیت گیا تھا دوسرے میچ میں پاکستان بھارت کو دباؤ میں لے آیا تھا لیکن کامیاب نہ ہو سکا، اب فائنل میں ٹاکرا ہونے جا رہا ہے، پاکستانی شائقین کرکٹ پرجوش ہیں کہ فائنل مقابلہ ہم ہی جیتیں گے۔
دوسری جانب سلمان آغا نے کہا ہے کہ ہم جیتنے کی پوری کوشش کریں گے، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو کرکٹ پر توجہ دینے کی تلقین کی ہے۔ بظاہر بھارت فائنل میں فیورٹ ہے لیکن پاکستانی ٹیم کسی بھی وقت کچھ بھی کر سکتی ہے۔
Average Rating