
بزدلانہ حملے میں 26 شہری شہید، بھارت کی غلط فہمی کو دور کر دیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت نے چھ مقامات پر گزشتہ رات بزدلانہ حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا جس میں 26 معصوم شہری شہید جبکہ 46 زخمی ہوئے۔ بھارت نے 6اور7مئی کی درمیانی شب پاکستان کے 6مقامات پر حملے کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پانچ شہری شہید ہوئے، بھارت نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا۔
مظفر آباد کے قریب مسجد کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے دشمن کے پانچ طیارے مار گرائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
مساجد کو نشانہ بنانابھارت کی تنگ نظر سوچ کی عکاسی ہے ، احمد پورشرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا جس میں 13 شہادتیں ہوئیں، احمد پور شرقیہ میں 7 خواتین اور 3 سال کی 2 بچیاں شہید ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ مریدکے میں 3 افراد شہید اور ایک زخمی ہوا۔
افواج پاکستان نےبھارت کے 3 رافیل طیارے اور 2 مگ طیارے مار گرائے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایل اوسی کی خلاف ورزی پر بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
بھارت نے نیلم جہلم پراجیکٹ پر نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو نشانہ بنایا، ہائیڈرو پراجیکٹ کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطر ناک ہے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارتی آبی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، بھارت کی غلط فہمی کو دور کر دیا جائےگا، پاکستان صرف ملکی دفاع میں دشمن کو منہ توڑ جواب دے گا۔
Average Rating