شمسی طوفانوں سے اسٹار لنک سیٹلائٹ کی عمر میں کمی: ناسا کی تحقیق نے انکشاف کر دیا

Read Time:1 Minute, 51 Second

واشنگٹن: ناسا کی ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شمسی طوفان زمین کے مدار میں گردش کرنے والے سیٹلائٹس کی زندگی کو متاثر کر رہے ہیں، خاص طور پر اسپیس ایکس کے اسٹارلنک سیٹلائٹس کو۔ تحقیق کے مطابق ان طوفانوں کے باعث زمین کے ماحول میں پھیلاؤ آتا ہے، جس سے سیٹلائٹس پر کشش بڑھ جاتی ہے اور وہ جلد واپس زمین کی طرف آنا شروع ہو جاتے ہیں۔

ناسا گوڈارڈ اسپیس فلائٹ سینٹر کے محقق ڈینی اولیویرا کے مطابق، سورج کی سرگرمیوں کا 11 سالہ سائیکل ہوتا ہے، جس کی انتہا کو ”سولر میکسیمم“ کہا جاتا ہے۔ اس دوران سورج کی جانب سے زیادہ تعداد سے توانائی پھٹتی ہے، جو زمین کے ماحول کو گرم کر کے اسے باہر کی طرف پھیلا دیتی ہے۔

اولیویرا کا کہنا ہے کہ ’ہم نے پایا کہ جب جیو میگنیٹک طوفان آتے ہیں تو سیٹلائٹس توقع سے زیادہ تیزی سے دوبارہ زمین کی طرف آ جاتے ہیں۔ سولر میکسیمم کے دوران ایک سیٹلائٹ کی زندگی تقریباً 10 دن کم ہو سکتی ہے۔‘

اسپیس ایکس کی جانب سے اب تک 7,000 سے زائد اسٹارلنک سیٹلائٹس لانچ کیے جا چکے ہیں اور ہر ہفتے مزید لانچ کیے جا رہے ہیں۔ کمپنی کا ہدف 30,000 سے زائد سیٹلائٹس کا نیٹ ورک بنانا ہے۔ تاہم، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2020 سے 2024 کے درمیان 523 اسٹارلنک سیٹلائٹس زمین کی طرف دوبارہ داخل ہوئے اور کئی سیٹلائٹس صرف 5 دن میں فضا سے باہر ہو گئے جب کہ عام طور پر یہ عمل 15 دن سے زیادہ لیتا ہے۔

یونیورسٹی آف برمنگھم کے ماہر شان ایلوِج کے مطابق، اگرچہ یہ عمل پرانے اور ناکارہ سیٹلائٹس کو جلدی ہٹا دیتا ہے جو ممکنہ تصادم کا باعث بن سکتے ہیں، لیکن یہ نیچے کے مدار (400 کلومیٹر سے کم) میں سیٹلائٹس کے استعمال کو محدود کر سکتا ہے۔ مزید برآں، اگر سیٹلائٹس مکمل طور پر فضاء میں جل کر ختم نہ ہوں تو ان کے ٹکڑے زمین تک پہنچ سکتے ہیں۔

2024 کے اگست میں اسٹارلنک سیٹلائٹ کا 2.5 کلوگرام وزنی ٹکڑا کینیڈا کے صوبے سسکیچیوان کے ایک فارم میں پایا گیا، جو اسپیس ایکس کے مطابق، اب تک کا پہلا تصدیق شدہ واقعہ ہے جس میں اسٹارلنک ملبہ زمین تک پہنچا۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %

Average Rating

5 Star
0%
4 Star
0%
3 Star
0%
2 Star
0%
1 Star
0%

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Previous post علیزے شاہ نےعیدالاضحیٰ کے حوالے سےخصوصی پیغام شیئر کردیا
Next post مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کا رشتہ دوبارہ طے