
ایران اسرائیل جنگ رکوانے میں بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکے کردار کو سراہا جانےلگا، بھارت کی چیخیں
اسلام آباد: فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے حالیہ دنوں میں نہ صرف دفاعی میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں بلکہ عالمی سطح پر اپنی امن پسندی اور ذمہ دارانہ کردار کی بدولت زبردست پذیرائی حاصل کی ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد 10 مئی کو ہونے والی پاک بھارت جنگ میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں بھارتی میڈیا، عوام، حکومت اور عوامی نمائندے شدید بوکھلاہٹ اور غصے کا شکار نظر آئے۔ دوسری جانب پاکستان اور افواجِ پاکستان کو دنیا بھر میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ افواجِ پاکستان کی غیر معمولی حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ قربانی نے پاکستان کو ایک بار پھر دنیا میں ایک قابلِ اعتماد اور مضبوط فوجی طاقت کے طور پر منوایا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، یورپی ممالک، روس، چین اور دیگر عالمی طاقتوں کی جانب سے پاکستان کے کردار اور افواج پاکستان کی بہادری کو بھرپور سراہا گیا۔ ان عالمی بیانات سے پاکستان کی عالمی ساکھ میں مزید اضافہ ہوا اور یہ واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع میں مکمل طور پر خود کفیل ہے بلکہ علاقائی و عالمی امن کے قیام میں بھی متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے صرف عسکری میدان میں ہی کامیابیاں حاصل نہیں کیں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔
حال ہی میں ایران اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے جنگ رکوانے کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر بے حد سراہا گیا۔ جنرل سید عاصم منیر نے نہایت متوازن اور دانائی پر مبنی موقف اپناتے ہوئے عالمی امن کے لیے جو کردار ادا کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے ثالثی اور مصالحت کی راہ اختیار کرتے ہوئے ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر اپنا مؤقف دنیا کے سامنے رکھا۔
یہ تمام کامیابیاں بھارت کے لیے شدید تشویش کا باعث بن گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی اثرورسوخ اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی عالمی سطح پر مقبولیت پر کھلے الفاظ میں تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔ بھارت کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان کو تنہا کیا جائے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان آج ایک بار پھر عالمی منظرنامے پر امن، استحکام اور دفاع کی علامت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت اور دور اندیش حکمت عملی نے پاکستان کو نہ صرف داخلی استحکام دیا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا۔ ان کی بصیرت افروز قیادت نے پاکستان کو ایک نئے اعتماد کے ساتھ عالمی برادری میں نمایاں کیا ہے، اور یہ سفر آئندہ بھی قومی سلامتی اور عالمی امن کے ساتھ مربوط نظر آتا ہے۔
Average Rating