
خراٹوں سے تنگ بھتیجے نے چچا کے سوپ میں زہر ملا دیا
ٹوکیو: جاپان میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نوجوان نے خراٹوں سے تنگ آکر اپنے ہی چچا کو زہر دے دیا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی ہنگامہ برپا کر رہا ہے کیونکہ محض خراٹوں جیسی عام عادت پر جان لیوا قدم اٹھانا ناقابلِ یقین سمجھا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے ایک شہر میں 18 سالہ طالب علم نے اپنے چچا کے مسلسل خراٹوں سے تنگ آکر انتہائی اقدام اٹھایا۔ پولیس کے مطابق نوجوان نے منصوبہ بندی کے تحت اپنے چچا کے سوپ میں زہریلا مواد ملا دیا۔ کھانے کے بعد چچا کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال میں ہونے والے طبی معائنے میں انکشاف ہوا کہ چچا کو زہر دیا گیا ہے۔ خوش قسمتی سے بروقت طبی امداد ملنے کے باعث ان کی جان بچالی گئی اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مقامی پولیس نے واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قتل کی کوشش کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یہ واقعہ جاپان بھر میں زیرِ بحث ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ خراٹے ایک عام مسئلہ ہے لیکن اس پر اتنا بڑا قدم اٹھانا ناقابلِ قبول ہے۔ کچھ افراد نے اس واقعے کو جاپانی معاشرے میں ذہنی دباؤ اور نوجوانوں میں برداشت کی کمی کی عکاسی قرار دیا ہے۔
پولیس اور ماہرین نفسیات نے اس واقعے کو معاشرتی رویوں پر تحقیق کا ایک نیا پہلو بھی قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برداشت کی کمی اور ذہنی دباؤ اگر وقت پر حل نہ کیا جائے تو یہ خطرناک رویوں میں بدل سکتا ہے۔
Average Rating