
جسٹس طارق جہانگیری کو کام سے روکنے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم معطل
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کو کام سے روکنے کا حکم نامہ معطل کردیا۔
سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ کا حکم نامہ معطل کردیا۔
عدالت نے فریقین اور اٹارنی جنرل دفتر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
واضح رہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو بطور جج کام سے روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔
ڈویژن بینچ نے میاں داؤد کی درخواست پر حکم نامہ جاری کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے تک بطور جج کام سے روکا تھا جس کے خلاف جسٹس طارق جہانگیری نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
علاوہ ازیں جامعہ کراچی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی قانون کی ڈگری منسوخ کر تے ہوئے ان پر 3 سال کی پابندی عائد کی ہے۔
Average Rating