
پاک بھارت کشیدگی: خیبرپختونخوا میں 50 الیکٹرک سائرن نصب
پشاور: پاک بھارت کشیدگی کے پیشِ نظر خیبرپختونخوا میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ صوبے کے 29 اضلاع میں سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے 50 الیکٹرک سائرن نصب کر دیے گئے ہیں جن کا مقصد کسی بھی ممکنہ جنگی صورتحال میں شہریوں کو بروقت خبردار کرنا ہے۔
سول ڈیفنس حکام کے مطابق یہ سائرن خاص طور پر جنگی یا ہنگامی حالات میں فعال کیے جائیں گے، تاکہ عوام کو بروقت اطلاع دی جا سکے اور جانی نقصان سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ سائرن کی تنصیب حساس اور گنجان آباد علاقوں میں کی گئی ہے تاکہ انتباہی پیغام مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔
سول ڈیفنس افسر کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشیدہ حالات میں سائرن کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی پیشگی ہدایت دی جائے گی۔
حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی قائم کی گئی ہے تاکہ آبادیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
Average Rating