
کراچی میں آشوبِ چشم کی وبا، اسپتالوں میں روزانہ درجنوں مریض رپورٹ
کراچی: شہر قائد میں آشوبِ چشم (ریڈ آئی / پنگ آئی انفیکشن) کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی ہے۔
نجی و سرکاری اسپتالوں میں روزانہ درجنوں مریض آنکھوں کی سرخی، درد، سوجن، روشنی سے چبھن اورپانی آنے جیسی علامات کے ساتھ رپورٹ ہو رہے ہیں ماہرین صحت کے مطابق برساتی موسم، ہوا میں نمی اور ناقص صفائی ستھرائی کے باعث ایڈینو وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
جناح اسپتال کراچی کے سربراہ امراض چشم نے بتایا کہ بارشوں کے بعد کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اوراب روزانہ 15 سے 20 مریض اسپتال کا رخ کررہے ہیں، انفیکشن زیادہ تر ہاتھوں کے ذریعے ایک دوسرے کومنتقل ہوتا ہے، خاص طورپرجب متاثرہ شخص آنکھ ملنے کے بعد کسی اورسے ہاتھ ملائے اکثرایک آنکھ متاثرہوتی ہے۔
ہلکے کیسزمیں برف یا ٹھنڈے پانی کی سکائی کافی ہے تاہم درمیانے اور شدید انفیکشن میں مصنوعی آنسو والے ڈراپس تجویز کیے جاتے ہیں جو محفوظ ہیں اوران کے کوئی نقصانات نہیں۔
مزید پڑھیں: بچوں کی ویکسی نیشن پر غیر قانونی سروس چارجز (بھتہ وصولی) محکمہ صحت خاموش
انہوں نے خبردار کیا کہ بیٹناسول جیسی اسٹیرائیڈ ڈراپس کا ازخود استعمال وقتی آرام دیتا ہے مگر طویل مدتی نقصان پہنچا سکتا ہے شدید کیسزمیں قرنیہ بھی متاثر ہوسکتا ہے جس سے دھندلا دکھائی دینا، روشنی سے شدید چبھن اور درد ہو سکتا ہے۔
سول اسپتال کراچی کی ماہر امراض چشم نے بھی تصدیق کی کہ روزانہ 10 سے 12 مریض آشوب چشم کے ساتھ آرہے ہیں، جن کا تعلق شہرکے مختلف علاقوں جیسے قائد آباد، کیماڑی، بلدیہ ٹاؤن اور لیاقت آباد سے ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ آنکھ نہ کھجائیں، باربار ہاتھ دھوئیں، سن گلاسز پہنیں اور اپنا تولیہ و تکیہ علیحدہ رکھیں تاکہ یہ انفیکشن مزید نہ پھیلے۔
Average Rating