
عید کے دوران ٹرینوں پر 20فیصد خصوصی رعایت کا اعلان
اسلام آباد: وزارت ریلوے نے عید کے دوران ٹرینوں پر 20 فیصد خصوصی رعایت کا اعلان کر دیا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ کے 3 دن ٹرین کرائیوں میں 20 فیصد خصوصی رعایت ہو گی۔ پاکستان ریلوے نے 77 سالہ تاریخ میں نئی کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ 11 مہینوں میں پاکستان ریلوے کی کارکردگی شاندار رہی۔ اور ریلوے کی آمدن 83 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ گزشتہ چار ماہ میں کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔
حنیف عباسی نے کہا کہ رواں مالی سال 42 ارب روپے مسافر ٹرینوں سے کمائے گئے۔ اور ریلوے ملازمین کو پاکستان محکمہ ریلوے تنخواہیں خود دے رہا ہے۔ وزیر اعظم کی سوچ کے مطابق رائل پام آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بولی کے عمل میں شفافیت اور بڈز سب کے سامنے کھولی جائیں گی۔
دوسری جانب وزارت ریلوے کی جانب سے عید پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔ پہلی ٹرین آج 2 جون دوپہر ایک بجے کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی۔ اور دوسری ٹرین 3 جون صبح 10 بجے کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہو گی۔ جبکہ تیسری ٹرین 3 جون شام 5 بجے لاہور سے براستہ ملتان کراچی روانہ ہو گی۔
جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق چوتھی ٹرین 3 جون رات 8 بجے کراچی سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گی۔ جبکہ پانچویں ٹرین 4 جون رات 8 بجے کراچی سے لاہور روانہ ہو گی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق تمام ٹرینیں اکانومی، بزنس اسٹینڈرڈ کلاس پر مشتمل ہوں گی۔

Average Rating