
پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی
اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت جولائی 2025 کیلئے سنبھال لی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سلامتی کونسل اور یو این کی وسیع رکنیت کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا، ہماری پالیسی یو این کے منشور، عالمی قوانین کے احترام پر قائم رہے گی، ہماری پالیسی کثیرالجہتی نظام سے مستقل وابستگی پر قائم رہے گی، پاکستان سلامتی کونسل میں غیر جانبدار، اصولی اور متوازن نقطہ نظر لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شفاف، متوازن اور مشاورت پر مبنی طریقہ اپنایا ہے، دنیا میں امن و سلامتی کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک ہے، پاکستان بامعنی اور عملی نتائج پر مبنی مشاورت کو فروغ دے گا، جامع شمولیت کو یقینی بناتے ہوئے تعمیری مکالمے کو فروغ دیا جائے گا، عالمی امن و سلامتی کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جولائی میں پاکستان اعلیٰ سطح کے 2 اہم اجلاس منعقد کرے گا، 22 جولائی کو بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ کے موضوع پر مباحثہ ہو گا اور 24 جولائی کو یو این اور علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون پر بات ہو گی، دونوں اجلاس وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی صدارت میں منعقد ہوں گے، 23 جولائی کو مسئلہ فلسطین پر مباحثے کی صدارت بھی کریں گے۔
Average Rating