
پاکستان سنگل ونڈو کا تجارتی جدت کیلئے نیا معاہدہ
پاکستان سنگل ونڈو نے پاکستان کسٹمز کیجانب سے بلاک چین ٹیکنالوجی کے معروف عالمی پلاٹ فارم ٹریڈ لینس سے معاہدہ کر لیا۔ ٹریڈ لینس کا بلاک چین پلاٹ فارم دنیا کے چھے میں سے پانچ بڑے سمندری کیرئیر استعمال کرتے ہیں۔ اس سے ملک میں تمام درآمدات و برآمدات کی دستاویزات ڈیجیٹل ذرائع سے ممکن ہو جائیں گی۔ اس معاہدے سے ملکی تجارتی سطح پر بہتر کارکردگی و شفافیت آنے کے ساتھ ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی بھی ممکن ہوگی۔
اس معاہدہ کے دستخط کے موقع پر مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کاروبار میں آسانی کےلئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے اور یہ اسی کی ایک کڑی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس نئی جدت سے تجارتی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے مزید آسانیاں ممکن ہوں گی۔
دنیا بھر میں سرحدپار تجارت کے حوالے سے کئی قسم کی پیچیدگیاں موجود ہیں۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ کسی ایک کنٹینر میں کئی تجارتی افراد اور ان کی نمائندگی جس کی 200 سے زیادہ دستاویزات شامل ہوں۔ اس لئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ان پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے۔
پاکستان سنگل ونڈو اور ٹریڈ لینس کے اشتراک سے پاکستان کسٹمز اور دیگر تجارتی ریگولیٹر بلاک چین پلاٹ فارم کے زریعے اپنی کارکردگی کو بہتر کرسکیں گے۔
ٹریڈ لینس تجارتی لحاظ سے دنیا میں ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جو عالمی تجارتی نظام سے ڈیٹا اکٹھا کرتے ہوے اسے بلاک چین ٹیکنالوجی کے میدان میں ڈیجیٹل سطح پر متعارف کرتا ہے۔