ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام سائبر سیکورٹی پر دوروزہ عالمی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی،بائیس ریسرچ پیپرز پڑھے گئے، سائبر سیکیورٹی اداروں نے نمائش بھی لگائی
نیشنل سینیٹرفار سائبر سیکیورٹی، ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام سائبر سیکیورٹی کے موضوع پر دو روزہ سالانہ عالمی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی،صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے بطور مہمان خصوصی پاکستان کی پہلی نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کا افتتاح کرتے ہوئے سائبرسیکیورٹی کو ملکی سلامتی کیلئے ناگزیر قرار دیا، اس موقع پر چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سِدھو، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر مارشل (ر)جاوید احمد اور دیگر بھی موجود تھے، کانفرنس کے اختتامی سیشن میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل نعمان علی نے خصوصی شرکت کی۔پی اے ایف ڈائریکٹر جنرل سی فار آئی ایئر وائس مارشل عباس گھمن نے پاک فضائیہ کے زیراہتمام سائبر سیکیورٹی سے متعلقہ مختلف اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کو سائبر میدان میں ناقابل تسخیر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے پی اے ایف کا پہلا سائبر سیکیورٹی پارک اور آئندہ سال مارچ تک پاک فضائیہ کی سائبر کمانڈ کو مکمل فعال کرنے پر بھی آگاہی فراہم کی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکر شائستہ سہیل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ایچ ای سی سائبر سیکیورٹی کے اکیڈمک کورسز کو چار سالہ بی ایس اور پی ایچ ڈی لیول تل لے جانا چاہتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سائبر سیکورٹی کو تمام یونیورسٹیز کیلئے لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر مارشل (ر)جاوید احمد نے اپنے خطاب میں دوروزہ عالمی کانفرنس کے کامیاب انعقاد کیلئے پی اے ایف کے بھرپور تعاون کو سراہا، انہوں نے بتایا کہ ایئر یونیورسٹی عالمی معیار کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قابل سائبر سیکیورٹی ماہرین تیار کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ ڈائریکٹر نیشنل سینٹر فار سائبر سیکیورٹی ڈاکٹر کاشف کفایت نے ملک کی پہلی سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کے تحت متعارف کرانے والے مختلف کورسز کی افادیت بیان کی۔ دوروزہ کانفرنس کے دوران 22ریسرچ پیپرزپڑھے گئے جبکہ 6ٹریننگ ورکشاپس اور 2پینل ڈسکشن بھی کانفرنس کا خاصہ رہے۔ مذکورہ کانفرنس کے دوران امریکہ، یورپ، ملائشیا اور دیگر عالمی ممالک سے تعلق رکھنے والے سائبر سیکیورٹی ماہرین نے دورِ حاضر میں درپیش ڈیجیٹل خطرات سے آگاہی فراہم کی، عالمی کانفرنس کے دوران قومی اور بین الاقوامی محققین اپنے ریسرچ مقالے پیش کریں گے، عالمی کانفرنس ملکی اور عالمی سطح پر متعلقہ شعبہ جات کے ماہرین کے درمیان دیرپا پیشہ ورانہ تعلقات استوار کرنے کیلئے بھی معاون ثابت ہوگی،دوروزہ کانفرنس کے دوران سائبر سیکورٹی کے شعبے کی نمایاں قومی اور عالمی اداروں نے نمائش کا بھی اہتمام کیا۔