
پاکستان میں 20 کروڑ ٹیلی کام صارفین کا سنگ میل عبور — پی ٹی اے کی نمایاں کامیابی
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 20 کروڑ سے تجاوز کرنے کا تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ جس میں 15 کروڑ براڈبینڈ اور 20 لاکھ سے زائد فائبر ٹو دی ہوم (FTTH) صارفین بھی شامل ہیں۔ یہ کامیابی پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل ترقی اور پی ٹی اے کے جامع کنیکٹیویٹی کے فروغ کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
اس سنگ میل کی خوشی میں پی ٹی اے اور موبائل آپریٹروں (جاز، ٹیلی نار، یوفون، زونگ اور ایس سی او) کی جانب سے 20 جون 2025 کو تمام موبائل صارفین کے لیے 2 جی بی مفت ڈیٹا اور 200 آن نیٹ منٹس (24 گھنٹوں کے لیے) فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اس سہولت کے لیے صارفین #2200 * ڈائل کریں (تمام نیٹ ورکس کے لیے دستیاب)۔
ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ بالخصوص طالبات کی سہولت اور طالبات کو تعلیمی وسائل تک بہتر رسائی کے پیش نظر پی ٹی اے نے پی ٹی سی ایل، ٹرانس ورلڈ، نیاٹیل، سائبر نیٹ اور وطین کے ساتھ مل کر ایچ ای سی سے منظور شدہ منتخب جامعات (بشمول خواتین یونیورسٹیز) میں چھ ماہ کے لیے مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس کے قیام کا آغاز کیا ہے۔
اسی سلسلے میں موبائل فون مینوفیکچرز نے 200 مقامی طور پر تیار کردہ اسمارٹ فونز عطیہ کیے ہیں جو پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں خواتین سم ہولڈرز کے درمیان کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔
پی ٹی اے مربوط پاکستان اور قوم کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
Average Rating